Skip to main content

توحید کی خوبی اور شرک فی العلم کی تردید


بسم اللہ الرحمن الرحیم۔ الحمد للہ المحمود بنعمتہ۔ المعبود بقدرتہ۔ المطاع بسلطانہ۔ المرھوب من عذابہ وسطوتہ۔ النافذ امرہ فی سمائہ وارضہ ۔ الذی خلق الخلق بقدرتہ۔ و میزھم باحکامہ فاعزھم بدینہ۔ واکرمھم بنبیہ محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم اللّٰھم صل علی محمد وعلی اہل بیتہ کما صلیت علی ابراھیم انک حمید مجید۔ اللّٰھم صل علینا معھم۔ اللّٰھم بارک علی محمد و علی اھل بیتہ کما بارکت علی ابراھیم انک حمید مجید۔ اللّٰھم بارک علینا معھم صلوات ا للہ وصلوات المؤمنین علی محمد ن النبی الامی السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ اما بعد۔ فاعوذ باللہ من الشیطن الرجیم ط بسم اللہ الرحمن الرحیم ط وَعِنْدَہٗ مَفَاتِحُ الْغَیْبِ لَا یَعْلَمُھَا اِلَّاھُوَط (الانعام:۵۹)
تمام تعریفیں اللہ کے لیے سزا وار ہیں، جو نعمتیں عطا فرمانے کے باعث واقعی قابل تعریف ہے، وہی حقیقی معبود برحق ہے اس لیے کہ اس کی سی قدرتیں اور کسی میں نہیں ہیں، خوف و ڈر رکھنے کے لائق اسی کی ذات ہے، اس لیے کہ اس کا عذاب سخت اور اس کی سزائیں بے حد اور اس کا دبدبہ و شوکت اور سلطنت سب پر ہے وہی ہے جس کا حکم زمین و آسمان میں چلتا ہے، اسی نے اپنی قدرت سے ساری مخلوق کو پیدا کیا، اس نے انسانوں کو اپنے حکم و احکام دے کر ممتاز فرمایا اپنا دین ان میں نازل فرما کر انہیں معزز و محترم کیا، اپنا نبی ان میں بھیج کر ان کا اکرام کر کے انہیں ذی مرتبہ بنایا(فالحمدللہ) اے اللہ! رحمت نازل فرما محمد اور آپ کے اہل بیت (ﷺ) پر، جس طرح رحمت فرمائی ابراہیم علیہ السلام پر، تو حمید و مجید ہے، اے اللہ! برکت فرما محمد ﷺ پر آپ کے گھر والوں پر جس طرح برکت نازل فرمائی ابراہیم علیہ السلام پر، توستودہ صفات بزرگ ہے، اے اللہ تو ہم پر بھی ان کے ساتھ ہی رحمت و برکت نازل فرما، اللہ کی رحمتیں اور درود نازل ہوں محمد نبی امی ﷺ پر، تمہارے اوپر سلام ہو، اور اس کی رحمتیں اور اس کی برکتیں نازل ہوں، حمد و صلوٰۃ کے بعد اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے اور اللہ کے پاس تمام غیب کی کنجیاں ہیں، اس کے علاوہ کوئی ان کو نہیں جانتا۔
یعنی اللہ تعالیٰ ہر چیز کا جاننے والا ، اور دور نزدیک سے برابر دیکھنے والا اور پوشیدہ و ظاہر کا واقف کار اور ہر جگہ حاضر و ناظر رہنے والا، اور ہر ایک کی بات کو سننے والا ہے، یہ صفت صرف اللہ ہی کے ساتھ مخصوص ہے، اس آیت کریمہ میں اس نے یہ بتایا ہے، کہ غیب کی کنجیاں صرف ہمارے ہاتھ میں ہیں، اور کسی کے پاس نہیں، اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے بندوں کو ظاہری چیزیںدریافت کرنے کی ترکیبیں بتا دی ہیں، جیسے دیکھنے کو آنکھ، سننے کو کان، سونگھنے کو ناک، چکھنے کو زبان ، چھونے کو ہاتھ، سمجھنے کو عقل دی ہے کہ ضرورت کے وقت جیسا دیکھنے کو دل چاہے آنکھ کھول کر دیکھنے لگیں، اور جب چاہیں بند کر لیں، اسی طرح ا ور چیزوں کو بھی معلوم کر لیتے ہیں، تو گویا ان ظاہری چیزوں کے دریافت کرنے کی ان کو کنجیاں دی ہیں، جس کے ہاتھ میں کنجیاں ہوتی ہیں، اس کے ہاتھ میں اختیار ہوتا ہے، جب چاہے قفل کھول کر سب چیزوں کو دیکھ لے اور جب چاہے نہ کھولے، لیکن غیب کے دریافت کرنے کی کنجی کسی کو نہیں دی، بلکہ اس کو اپنے پاس ہی رکھا ہے، کسی نبی ، ولی ، شہید، جن ا ور فرشتے کو یہ طاقت نہیں، کہ بغیر اللہ کے بتائے کچھ بتا سکیں، کیونکہ ان کو غیب دانی حاصل نہیں ہے، اگر ان کو کوئی غیب دان جانے گا،تو وہ اللہ کو ان کے ساتھ شریک کرے گا ا للہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں یوں فرمایا ہے:
قُلْ لَّآ اَمْلِكُ لِنَفْسِيْ نَفْعًا وَّلَا ضَرًّا اِلَّا مَا شَاۗءَ اللہُ۝۰ۭ وَلَوْ كُنْتُ اَعْلَمُ الْغَيْبَ لَاسْـتَكْثَرْتُ مِنَ الْخَيْرِ۝۰ۚۖۛ وَمَا مَسَّنِيَ السُّوْۗءُ۝۰ۚۛ اِنْ اَنَا اِلَّا نَذِيْرٌ وَّبَشِيْرٌ لِّقَوْمٍ يُّؤْمِنُوْنَ۔ (اعراف:۱۸۸)
اے ہمارے نبی ! آپ لوگوں سے فرما دیجیے، کہ میں اپنی ذات کے نفع و نقصان کاکچھ بھی مالک و مختار نہیں ہوں مگر جو اللہ چاہے، اگر میں غیب جانتا، تو میں بہت سی خوبیاں جمع کر لیتا اور مجھے کوئی تکلیف اور برائی نہ پہنچتی، میں تو صرف نافرمانوں کو عذاب الٰہی سے ڈراتا ہوں اور ایمان والوں کو خوشی سناتا ہوں۔
یہ تو ساری اسلامی دنیا جانتی ہے، کہ ہمارے نبی کریم ﷺ سے بڑھ کر مخلوق میں کوئی نہیں ہوا، اور نہ ہوگا، بلکہ آپ ﷺ کے برابر کا بھی کوئی نہیں ہوا نہ ہوگا، پھر بھی اپنی ذات کے نفع و نقصان کا کچھ بھی اختیار نہیں رکھتے تھے، تو دوسرے کس شمار میں ہیں، اللہ تعالیٰ اپنے نبی سے فرما رہا ہے، کہ آپ ﷺ خود لوگوں میں اس کا ا علان کر دیں، کہ میں اپنی ذات کے نفع و ضرر کا مالک و مختار نہیں ہوں، تو دوسروں کو کیا نفع و نقصان پہنچا سکتا ہوں، اور نہ میں غیب جانتا ہوں، کہ بغیر اللہ تعالیٰ کے بتائے معلوم کر لوں، اگر میرے قابو میں غیب دانی ہوتی تو پہلے ہر کام کی بھلائی برائی معلوم کر لیتا، اور اس کام کے ا نجام کو سوچ لیتا، اگر اچھا ہوتا، تو کرتا اور خراب ہوتا تو نہیں کرتا، اس صورت میں کبھی بھی تکلیف نہیں پہنچتی ، اور نہ کبھی نقصان اٹھاتا، مگرتمہیں معلوم ہے، کہ مجھے تکلیف پہنچتی ہے، نقصان بھی ہوتا ہے، دیکھو حضرت عائشہؓ پر منافقوں نے تہمت لگائی ایک ماہ تک سخت پریشانی رہی، جب وحی آئی، اور اللہ تعالیٰ نے بتایا،کہ حضرت عائشہؓ سچی ، پاک دامن ہیں، تب معلوم ہوا، اس قسم کے بہت سے واقعات موجود ہیں۔
اس آیت کریمہ سے یہ بات بھی معلوم ہوئی ، کہ غیب صرف اللہ ہی جانتا ہے، اس کے علاوہ کوئی نبی، ولی، شہید، پیر، جن اور فرشتہ غیب نہیں جانتا، اگر کوئی غیب جاننے کا دعویٰ کرے، تو وہ اس آیت کا مخالف و منکر ہے، اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں ارشاد فرماتا ہے:
قُلْ لَّايَعْلَمُ مَنْ فِي السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ الْغَيْبَ اِلَّا اللہُ۝۰ۭ وَمَا يَشْعُرُوْنَ اَيَّانَ يُبْعَثُوْنَ۔ (النمل :۶۵)
اے ہمارے نبی! آپ لوگوں سے فرما دیجیے، کہ زمین اور آسمان میں اللہ کے سوا کوئی غیب نہیں جانتا، (بلکہ)ان کو یہ بھی خبر نہیں، کہ کب اٹھائے جائیں گے۔
اللہ تعالیٰ اپنے نبی ﷺ کوحکم دے رہا ہے، کہ آپ لوگوں میں اعلان کر دیں، کہ زمین و آسمان میں اللہ تعالیٰ کے علاوہ کوئی جن، فرشتہ اور پیرو پیغمبر غیب نہیں جانتے ، یہ یقین ہے، کہ قیامت ضرور آئے گی، مگر ان نبیوں، ولیوں وغیرہ کو یہ پتہ نہیں ہے، کہ قیامت کب ہوگی، اور کب یہ لوگ اپنی قبروں سے اٹھائے جائیں گے، اس کے تعین کا علم صرف اللہ ہی کو حاصل ہے، قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
اِنَّ اللہَ عِنْدَہٗ عِلْمُ السَّاعَۃِ۝۰ۚ وَيُنَزِّلُ الْغَيْثَ۝۰ۚ وَيَعْلَمُ مَا فِي الْاَرْحَام۝۰ِۭ وَمَا تَدْرِيْ نَفْسٌ مَّاذَا تَكْسِبُ غَدًا۝۰ۭ وَمَا تَدْرِيْ نَفْسٌۢ بِاَيِّ اَرْضٍ تَمُوْتُ۝۰ۭ اِنَّ اللہَ عَلِيْمٌ خَبِيْرٌ۔ (لقمان :۳۴)
یقینا قیامت کے خاص وقت کی خبر اللہ ہی کو ہے اوروہی مینہ برساتا ہے، اور ماؤں کے پیٹوں میں جو کچھ ہے اس کو وہی جانتاہے، اور وہی جانتا ہے کہ فلاں جاندار کل کیا کرے گا، اس کے علاوہ کوئی نہیں جانتا،کہ فلاں جاندار کہاں مرے گا، بے شک اللہ تعالیٰ بڑا جاننے والا پوری خبر رکھنے والا ہے۔
ان سب باتوں کا جاننا صرف اللہ تعالیٰ ہی کے قبضہ میں ہے، اور کوئی ان کو نہیں جانتا، قیامت کا آنا بہت مشہور ہے، مگر اس کے آنے کی خبر کسی کو نہیں، اس کے علاوہ اور باتوں کا جاننا، جیسے آئندہ فتح اور شکست کا ہونا، یا کسی کا بیمار و تندرست ہونا وغیرہ تو قیامت کے برابر نہیں ہے، حالانکہ ان کو بھی خدا کے سوا کوئی نہیں جانتا ہے، اسی طرح مینہ برسنے کی خبر کسی کو نہیں ہے ، حالانکہ اس کا وقت مقرر ہے، ا ور موسم بندھا ہوا، ان موسموں میں بھی برستا ہے، اور سب چھوٹے بڑے، عالم، جاہل ، نبی، ولی وغیرہ سب کو اس کی ضرورت بھی رہتی ہے، لیکن کسی کو یہ خبر نہیں کہ کس دن بارش ہوگی، اس کا علم صرف اللہ تعالیٰ ہی کو حاصل ہے، کہ جن چیزوں کا موسم نہیں بندھا ہوا ہے، جیسے مرنا، جینا، پیدا ہونا، غنی ہونا، فقیر ہونا، وغیرہ وغیرہ بھی کوئی نہیں جانتا ہے، اسی طرح مادہ کے پیٹ میں کیا ہے، نر ہے یا مادہ، ایک ہے یادو ، ناقص ہے یا کامل، خوبصورت ہے یا بدصورت، کوئی نہیں جانتا ، صرف خدا ہی جانتا ہے، اسی طرح کل آئندہ کیا ہوگا وہ کیا کرے گا، اسی طرح کوئی نہیں جانتا، کہ وہ کہاں مرے گا، اور کہاں دفن ہوگا، ان سب باتوں کو خدا کے سوا اور کوئی نہیں جانتا

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
واللہ لا ادری واللہ لا ادری وانا رسول اللہ مایفعل بی ولا بکم۔ (بخاری شریف)
خدا کی قسم! میں نہیں جانتا، خدا کی قسم ! میں نہیں جانتا حالانکہ میں اللہ کا رسول ہوں، کہ میرے اور تمہارے ساتھ کیا معاملہ کیا جائے گا، مجھے معلوم نہیں۔
یعنی اللہ تعالیٰ دنیا میں کیا کرے گا، اس کی حقیقت خدا کے سوا کوئی نہیں جانتا میں اللہ کا رسول ہونے کے باوجود نہیں جانتا ہوں، حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں۔
ان رسول اللہ ﷺ کان یھریق الماء ویتیمم بالتراب فاقول یا رسول اللہ ان الماء قریب فیقول ما یدرینی لا ابلغہ ۔ (شرح السنۃ، مشکوۃ)
رسول اللہ ﷺ پیشاب کر کے فوراً مٹی سے تیمم کر لیتے ، میں عرض کرتا ، کہ اے اللہ کے رسول، پانی آپ کے قریب ہی ہے، آپ فرماتے کہ کیا خبر شاید میں وہاں تک نہ پہنچ سکوں۔
یعنی ممکن ہے کہ میں پانی تک نہ پہنچ سکوں، اس سے معلوم ہوتا ہے، کہ آپ غیب نہیں جانتے تھے، اسی طرح حجۃ الوداع میں آپؐ نے فرمایا:
لواستقبلت من ما استدبرت ماسقت الھدی۔ (بخاری)
جو مجھے اب معلوم ہوا ہے، اگر پہلے معلوم ہو جاتا، تو میں اپنے ساتھ قربانی کا جانور نہ لاتا۔
اس قسم کے صدہا واقعات ہیں، جن سے معلوم ہوتا ہے، کہ آپؐ بغیر اللہ کے بتائے ہوئے خود غیب کی باتیں نہیں جانتے تھے، اور اگر اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو بتایا اور اس کے بتانے پر آپ ﷺ نے کوئی بات آئندہ کے متعلق بتا دی، جیسے معجزات اور علامات قیامت وغیرہ تو یہ علم غیب نہیں ہے، کیونکہ علم غیب وہ ہے، جو بغیر کسی کے بتائے معلوم ہو، کیونکہ علم اس ملکہ(قوت) کو کہتے ہیں، جس سے جس وقت بھی چاہے اس کی جزئیات کو معلوم کرے، ایسا علم غیب کسی مخلوق کو نہیں ہے، اور نہ کبھی پہلے تھا، اور نہ آئندہ کبھی ہوگا، اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ ﷺ سے فرمایا:
قُلْ لَّآ اَقُوْلُ لَكُمْ عِنْدِيْ خَزَاۗىِٕنُ اللہِ وَلَآ اَعْلَمُ الْغَيْبَ وَلَآ اَقُوْلُ لَكُمْ اِنِّىْ مَلَكٌ۝۰ۚ (الانعام:۵۰)
آپ کہہ دیجیے، کہ میں تم سے یہ نہیں کہتا، کہ میرے پاس اللہ تعالیٰ کے خزانے ہیں، اور نہ میں غیب کی باتیں جانتا ہوں، اور نہ میں تم سے یہ کہتا ہوں ، کہ میں فرشتہ ہوں۔
یہ بھی یاد رکھو، کہ علم کے معنی یقین کے ہیں، اس لیے اندازے اور ظن اور گمان کی باتیں علم غیب نہیں ہیں، کیونکہ بہت دفعہ ان باتوں کے خلاف ظہور میں آتا ہے، اور علم غیب کے خلاف ہر گز نہیں ہوسکتا، اس لیے اندازوں اور تخمینوں کی باتوں کو سچ اور غیب کی بات ماننے والا شرک فی العلم کے گناہ کا مرتکب ہوتا ہے، جادوگر، جوتشی، رمال، نجومی اور سفلی علم کی باتوں پر ایمان رکھنے سے ایمان باللہ ختم ہو جاتا ہے، ہر ایمان والے کا یہ عقیدہ ہونا چاہیے، کہ جس طرح خدا کی ذات یکتا و یگانہ ہے، اسی طرح اس کی تمام صفتیں بھی یکتا اور بے مثل ہیں، اور خدا تعالیٰ کی یہ صفت، کہ وہ حاضر و غائب اور دور و نزدیک کی تمام چیزوں کو جانتا ہے، یکتا اور بے مثل ہے، اللہ عزوجل اپنی ذات میں بھی وحدہ لاشریک ہے، اور اپنی صفات میں بھی وہ وحدہ لاشریک ہے، یہی عقیدہ قرآن مجید نے بتا یا ہے، اور اسی کا سبق رسول اللہ ﷺ نے دیا ہے، اور تمام صحابہ اور تمام سلف صالحین کا یہی عقیدہ ہے۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو شرک کی ہر بات سے بچائے ، اور ایمان کی حلاوت اور شیرینی ہمارے دلوں میں عطا فرمائے، اور صحیح عقائد کی توفیق بخشے، اور صحابہ کرام، تابعین عظام، ائمہ دین، سلف و صالحین اور بزرگان دین کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے ، آمین ثم آمین۔
بارک اللہ لی ولکم فی القراٰن العظیم ط ونفعنی وایاکم بالایت والذکر الحکیم ط انہ تعالٰی جوادکریم ملک بررءوف رحیم۔

Comments

Popular posts from this blog

حمود الرحمن کمیشن رپورٹ

تعارف ترميم حکومت  پاکستان  نے وزارتِ صدارتی امور کے نوٹیفیکشن نمبر ایس آر او(١) 71مورخہ 26 دسمبر1971کے ذریعے اس انکوائری کمیشن کو قائم کرتے ہوئے اس کے ذمہ یہ فرائض سونپے تھے کہ وہ ان حالات کی تحقیقات کرے، جن کے تحت کمانڈر، ایسٹرن کمانڈ اور ان کے زیر کمان پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کی فوجوں کے سامنے ہتھیار ڈالے، بھارت اور  مغربی پاکستان  کی سرحدوں پر جنگ بندی کے احکامات صادر کیے گئے نیز جموں اور کشمیر کی سیز فائر لائن پر بھی جنگ بندی کا حکم دیاگیا پاکستان کمیشن آف انکوائری ایکٹ مجریہ1956ء کے تحت قائم ہونے والا یہ کمیشن درج ذیل افراد پر مشتمل تھا؛۔ 1) مسٹر جسٹس حمود الرحمٰن (ہلال پاکستان) چیف جسٹس، سپریم کورٹ آف پاکستان، بحیثیت صدر۔ 2) مسٹر جسٹس انور الحق، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ بحیثیت رکن۔ 3) مسٹر جسٹس طفیل علی عبد الرحمن چیف جسٹس سندھ بلوچستان ہائیکورٹ بحیثیت رکن کمیشن کی سفارشات پر لیفٹنٹ جنرل الطاف قادر( ریٹائرڈ) کو بحیثیت ملٹری ایڈوائزر اور اسسٹنٹ رجسٹرار سپریم کورٹ آف پاکستان، مسٹر ایم اے لطیف کو بحیثیت سیکرٹری مقرر کیا گیا۔ ٣) وزارت صدارتی امور کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفیک

Pathar Ke Sipahi Part 12 Namwar Series M A Rahat

4shared Download BOX DOWNLOAD AND ONLINE READ MEDIAFIRE DOWNLOAD AND ONLINE READ

Rooh Ki Pyas Namwar 3 by M A RAHAT

4shared Download BOX DOWNLOAD AND ONLINE READ MEDIAFIRE DOWNLOAD AND ONLINE READ